کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کے ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی جس دوران باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے نیول ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور خاص طور پر ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات خطے کی بحری سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاک بحریہ کی ان کاوشوں کو سراہا اور بحرین کے ساتھ سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یہ بھی بتایا کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے اس حالیہ دورے سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے تعلقات میں مزید فروغ متوقع ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں مشترکہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔



















