Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رکن سندھ اسمبلی نے صوبے میں سودی نظام کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا

صوبہ سندھ میں سودی نظام معیشت کے خاتمے کا سندھ اسمبلی کے رکن ایم پی اے فہیم پٹنی نے مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام نہ صرف اقتصادی طور پر تباہ کن ہے بلکہ اللہ کے احکام کے خلاف بھی ہے۔

فہیم پٹنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ پاک قرآن میں فرماتے ہیں کہ جو سودی نظام معیشت ہے، میں اس کو گھٹاؤں گا، ختم کروں گا اور تباہ کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ ہم اس سودی نظام معیشت کے ساتھ اس صوبہ کو بہتر کریں۔ اس نظام کے تحت تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

ایم پی اے فہیم پٹنی نے سودی نظام معیشت کے خلاف اپنے موقف کو مزید واضح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کرنا کسی صورت ممکن نہیں، اور نہ ہی ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ یہ جنگ جیت سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی ہو، ہمیں اس سودی نظام معیشت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

فہیم پٹنی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں سودی نظام کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اور اس مقصد کے لیے 2025-2026 کے بجٹ کو “سود سے پاک” (Interest Free Budget) بنایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے انشاءاللہ اللہ کی مدد بھی شامل ہوگی، جس کے نتیجے میں صوبہ سندھ کی بنجر زمینیں آباد ہوں گی اور یہاں سے معدنیات، تیل، اور گیس کے ذخائر حاصل ہوں گے۔

انہوں نے اپنی تجویز میں کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ سندھ کو سود سے پاک کیا جائے اور اس سودی نظام معیشت کو ختم کرنے کی فوری کوشش کی جائے۔

متعلقہ خبریں