Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ارتھ آور؛ وزیراعظم کی قوم سے رات 8:30 بجے تمام روشنیاں گل کرنے کی اپیل

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ارتھ آور کے موقع پر قوم سے آج 22 مارچ کی رات 8 بجکر 30 منٹ پر تمام غیر ضروری روشنیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری پیغام میں عوام، کاروباری اداروں اور کمیونٹیز کو اس عالمی مہم میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’آئیں، سوات کے پہاڑوں سے لے کر گوادر کے ساحلوں تک سب پاکستانی متحد ہوجائیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ارتھ آور کے ذریعے ہم ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ وہ روشنیوں کو ایک گھنٹے کے لیے بند کرکے زمین کے تحفظ کا عہد کریں اور ماحول دوست طرزِ عمل کو فروغ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف عوام میں شعور پیدا کرے گا بلکہ افراد، کاروبار اور کمیونٹیز کو ماحولیاتی بہتری کے لیے پائیدار اقدامات اپنانے کی ترغیب بھی دے گا۔

واضح رہے کہ ارتھ آور دنیا بھر میں ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے، توانائی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی آگاہی کے لیے منایا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں