اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی دفاع میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں فوجی اعزازات تقسیم کردیے۔
ایوان صدر میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نمایاں خدمات دینے والوں کو ایوان صدر میں فوجی اعزازات سے نوازا۔
ایئر مارشل کاظم حماد، ایئرمارشل شکیل غضنفر، میجر جنرل سعیدالرحمان سرور، ایئرمارشل محمد سرفراز، ایئر مارشل شکیل صفدر کو ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ کیپٹن سید عامر رضا کو بےمثال بہادری اور فرض شناسی پر ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔
تقریب میں میجر جنرل غلام شبیر ناریجو، میجرجنرل طاہر مسعود احمد، میجر جنرل سہیل صابر، میجرجنرل فواد احمد صدیقی، میجر جنرل ذیشان احمد، میجرجنرل ندیم یوسف، میجر جنرل سہیل الیاس، میجرجنرل نورولی خان، میجرجنرل نسیم انور کو بھی ہلال امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔
فوجی اعزازات دینے کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔



















