بنوں کینٹ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کے بھائی کا بیان سامنے آگیا۔
جاں بحق نوجوان کے بھائی کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکنے کے لیے سیٹیاں بجائیں اور وارننگ دی، مگر وقاص نے رکنے کے بجائے موٹر سائیکل کی رفتار مزید تیز کر دی۔
گزشتہ روز دو موٹر سائیکل سواروں نے بنوں کینٹ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا گرفتار کر لیا گیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو فوری طور پر روکنے کے لیے وارننگ دی لیکن انہوں نے احکامات کو نظر انداز کر دیا۔
جیسے ہی موٹر سائیکل سواروں نے دو رکاوٹیں توڑ کر اس حساس مقام کی طرف بڑھنا شروع کیا، جہاں چند ماہ قبل ایک خوفناک خودکش دھماکہ ہو چکا تھا، سیکیورٹی فورسز نے سیٹی بجا کر اور ہوائی فائرنگ کرکے آخری وارننگ دی، تاہم ان ہدایات کو بھی نظر انداز کر دیا گیا، جس پر اہلکاروں کو فائرنگ کرنا پڑی۔
یاد رہے کہ بنوں کینٹ کی دیوار کے قریب 4 مارچ کو 2 خودکش حملے ہوئے تھے جس کی ذمہ داری کالعدم تنظیم گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی، بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام 16 حملہ آور ہلاک ہوگئے تھے۔



















