وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب بھر کے 40 ہزار بچوں کو عید پر گفٹ پیک دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹزم ڈے پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آٹزم میں مبتلا بچے مریض نہیں بلکہ خاص لوگ ہیں، جبکہ ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہمارا عزم ہے۔
مریم نواز نے آٹزم کے شکار بچوں کو عید الفطر کی خصوصی مبارکباد دیتے ہوئےآٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ اسپیشل ایجوکیشن اور اسپیشل بچوں کو بھی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے، اسپیشل افراد کےلیے روزگار پروگرام اور رائزنگ اسٹار کارڈ برائے اسپیشل چلڈرن متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم اسکول تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے، آٹزم اسکول میں ایرلی آٹزم کے پہلے مرحلے پر تشخیص کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، تین سالہ متاثرہ بچے کو ابتدائی عمر میں ہی آٹزم کی تشخیص سے علاج میں آسانی ہوتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن مراکز میں خصوصی طور پر 12 آٹزم یونٹ قائم کیے گئے ہیں، صوبہ بھر کے27ڈویژنل پبلک اسکولوں میں بھی آٹزم سینٹر قائم کیے گئے ہیں، اسپیشل چلڈرن کیلئے پیک فوڈ کا میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر آف ایکسی لینس میں ڈیجیٹل ٹچ اسکرین نصب کیے جارہے ہیں، اسپیشل ایجوکیشن انفارمیشن سسٹم، خصوصی ہیلپ لائن 1162 قائم، موبائل ایپ بھی فنکشنل کر دی گئی ہے، 28 اسپیشل ایجوکیشن اسکولوں کو سینٹر آف ایکسی لینس برائے اسپیشل ایجوکیشن اپ گریڈ کیا جارہا ہے، ذہنی طور پر متاثرہ اسپیشل بچوں کی کیٹگری کے مطابق نیاسلیبس بھی تیار کر لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن مراکز میں مانیٹرنگ اور بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے 3450سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جارہے ہیں، اسپیشل بچوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اسکولوں، سینٹرز اوربسوں میں مزید کیمرے نصب کیے جارہے ہیں، پنجاب میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن کے بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہے۔



















