Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجلی کی قیمتوں میں کمی پر پاکستان بزنس فورم کا ردعمل سامنے آ گیا

پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) نے وزیراعظم شہباز شریف کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت شروعات قرار دیا ہے۔

فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمن نے کہا کہ یہ ایک اہم قدم ہے جس سے زراعت اور انڈسٹری کو کسی حد تک ریلیف ملے گا۔

پاکستان بزنس فورم نے مزید کہا کہ ہماری بزنس کمیونٹی 12 روپے فی یونٹ تک کمی کی منتظر تھی اور اس کمی کے باوجود امید رکھتے ہیں کہ کچھ ماہ کے اندر وزیراعظم شہباز شریف سے مزید خوشخبری ملے گی۔

پاکستان بزنس فورم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کا مشن 9 سینٹ فی یونٹ ہونا چاہیے تاکہ ہم اپنے ریجنل ہمسایہ ممالک کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔

اس کے ساتھ ہی فورم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس اور غیر ضروری سرچارجز کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

خواجہ محبوب الرحمن نے مزید کہا کہ برآمدات کو بڑھانے کے لیے روپیہ کو بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، اور اس وقت روپے میں تقریباً 20 روپے تک کی مزید مضبوطی کی گنجائش موجود ہے۔

ان کے مطابق، صرف روپیہ کی مضبوطی ہی مہنگائی میں صحیح معنوں میں کمی لا سکتی ہے۔

پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم کی جانب سے ڈسکوز کو پرائیویٹ کرنے کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا اور اس فیصلے کو بزنس کمیونٹی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔

متعلقہ خبریں