Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی؛ اسٹریٹ کرائم کی شرح میں کمی، مگر وارداتیں بدستور تشویش ناک

کراچی: سال 2025 کے ابتدائی تین ماہ میں شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 16 ہزار 390 واقعات رپورٹ ہوئے جو کہ پچھلے سال کی نسبت کم ضرور ہیں لیکن اب بھی شہریوں کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2025 کے دوران ڈکیتی کی مزاحمت پر 26 شہری جان کی بازی ہار گئے جب کہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے پہلے تین ماہ میں 4 ہزار 204 شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے۔ اس کے علاوہ 496 گاڑیاں اور 11 ہزار 690 موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں۔

رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ اوسط 44.7 جب کہ گاڑیاں چوری یا چھیننے کی شرح 5.2 رہی۔ اسی طرح موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی یومیہ اوسط 124.4 ریکارڈ کی گئی۔

سال 2024 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم کے 23 ہزار 201 واقعات رپورٹ ہوئے تھے جن میں 45 افراد ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل اور 156 زخمی ہوئے تھے۔

اسی مدت میں شہریوں سے 6 ہزار 213 موبائل فون چھینے گئے جب کہ 533 گاڑیاں اور 16 ہزار 454 موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں۔

اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 2024 کے پہلے تین ماہ کے مقابلے میں 2025 کے دوران اسٹریٹ کرائم کی شرح میں 29.36 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں