Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایئرچیف مارشل کا دورہ چین؛ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چین کا سرکاری دورہ کیا جہاں ان کی چینی عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بیجنگ آمد پر چینی قیادت نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران ایئر چیف مارشل نے چین کے وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جون، پی ایل اے ایئر فورس کے کمانڈر جنرل چانگ ڈنگ کیو اور بومیٹک کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کاؤ ژاؤ جیان سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات، عسکری و اسٹریٹیجک تعاون، دفاعی شراکت داری، جدید جنگی چیلنجز اور مشترکہ مشقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فریقین نے پاک چین فضائی افواج کے تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ ایئرچیف نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پی ایل اے ایئر فورس کے ساتھ تعاون اور مشقوں کی اہمیت اجاگر کی جبکہ چینی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ترقی کی تعریف کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ میجر جنرل کاؤ ژاؤ جیان سے ملاقات میں مشترکہ فوجی سازوسامان کی تیاری اور صنعتی تعاون پر بھی بات ہوئی جب کہ ایئرچیف نے چینی کمپنیوں کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ایئرچیف نے چین کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاک چین علاقائی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔

متعلقہ خبریں