Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی حکومت پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ بیان میں ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں 8 پاکستانیوں کے بیہمانہ قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت و اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کیلئے تباہ کن ہے، خطےکےممالک کو دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے، ایرانی حکومت اس بہیمانہ اقدام کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔

وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو میتوں کی بحفاظت واپسی کے اقدام کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں پاک، ایران سرحد کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں 8 پاکستانیوں کو قتل کر دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اندوہناک واقعہ صوبہ سیستان میں ضلع مہرستان کے گاؤں حائض آباد میں پیش آیا اور تمام مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر گولیاں ماری گئیں جبکہ مقتولین میں دِلشاد، اُس کا بیٹا نعیم، جعفر، دانش ، ناصر اور دیگر شامل ہیں۔

مقتولین کار مرمت، پالش اور پینٹنگ والی ورکشاپ میں رہائش پذیر تھے اور ان کا تعلق پاکستان کے شہر بہاولپور سے تھا، حملہ آوروں نے رات کے وقت ورکشاپ میں گھس کر فائرنگ کی۔

پاکستانی سفارت خانہ کے حکام واقعے کی تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہیں اور ایرانی حکام کی جانب سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ خبریں