راولپنڈی: لاہور، پشاور اور کراچی میں عسکری اعزازات سے نوازنے کی پروقار تقاریب منعقد کی گئی جس میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی جرأت، بہادری اور مثالی خدمات کے اعتراف میں لاہور، پشاور اور کراچی میں عسکری اعزازات دینے کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ تقریبات ایک ہی دن میں ملک کے تین بڑے شہروں میں منعقد ہوئیں جن میں حاضر سروس افسران، جوانوں اور شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لاہور، پشاور اور کراچی میں کور کمانڈرز نے ان تقریبات کی صدارت کی اور اعزازات تقسیم کیے:
پشاور میں تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تھے۔ یہاں 2 جے سی اوز اور 47 جوانوں کو تمغۂ بسالت، جبکہ 4 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 11 کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

لاہور میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے اعزازات تقسیم کیے۔ یہاں 3 جے سی اوز اور 24 جوانوں کو تمغۂ بسالت، 28 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 72 کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔

کراچی میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر تھے، جہاں 10 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری)، 4 افسران کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) اور 16 جوانوں کو تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ تمام تقریبات میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے اعزازات ان کے اہلِ خانہ نے وصول کیے۔



















