Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈیرہ اسماعیل خان، سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدّی میں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کی موجودگی کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد واصلِ جہنم ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران مادرِ وطن کا ایک بہادر سپوت ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ سپاہی باسط صدیق دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوا۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خطرات کے تدارک کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، اور ہمارے جوانوں کی ایسی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں