اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان انسدادِ دہشت گردی پر 11 واں ورکنگ گروپ اجلاس ماسکو میں منعقد ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان انسدادِ دہشت گردی سے متعلق ورکنگ گروپ کا 11 واں اجلاس روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی حکام نے شرکت کی۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی وفد کی قیادت اسپیشل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ امور نبیل منیر نے کی جب کہ روسی وفد کی سربراہی ڈپٹی وزیر خارجہ سرگئی ورشینن نے کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران فریقین نے عالمی و علاقائی سطح پر دہشت گردی کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں افغانستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات پر خصوصی توجہ دی گئی اور خطے میں پھیلتے بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی سے نمٹنے کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا جب کہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی و عالمی استحکام کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس کے اختتام پر یہ طے پایا کہ انسدادِ دہشت گردی ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس 2026 میں منعقد کیا جائے گا۔



















