Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد میں ٹریفک مسائل، محسن نقوی کا متعدد نئے منصوبے کا فیصلہ

اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے پیش نظر محسن نقوی نے عوام کی  سہولت کے لیے متعدد نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس ہوا، جس میں عوامی منصوبوں کی باضابطہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں  ٹریفک نظام کو مزید  بہتر بنانے کے لیے فیض آباد انٹر چینج کی ری ماڈلنگ کا فیصلہ کیا گیا، جس میں فیض آباد انٹرچینج کی توسیع اور  مزید دو لینز بڑھانے کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔

 اسی طرح فیصل چوک کے مقام پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ  کیا گیا، اور چوک پر 2+2 لین کے  انڈر پاس پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں مستقبل کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے انڈر پاس کی پلاننگ کرنے، فوڈ اسٹریٹ و پارکنگ پلازہ کے لیے بہترین بزنس ماڈل تیار کرنے کی ہدایت دی۔

محسن نقوی نے بلیو ایریا میں مکمل شدہ پارکنگ پلازے کو جلد فعال کرنے اور شہر کے دیگر مقامات پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا فیصلہ کرتے ہوئے، مقامات کی نشاندہی جلد کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ میں پیڈسٹرین ٹریکس، فوڈ اسٹالز اور پارکنگ کی جگہوں کا انتخاب کیا جاچکا ہے، فوڈ اسٹریٹ میں شہریوں کے بیٹھنے کے لیے بینچز اور تفریحی سرگرمیوں  کے لیے بھی جگہ مختص کرلی گئی ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں  کمرشل دکانیں،  روف ٹاپ  ریستوران، پلے لینڈ، سینما اور دیگر سہولتیں  فراہم کی جائیں گی۔

 اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے بورڈ ممبران، ضلعی انتظامیہ اور سنئیر افسران شریک تھے۔

متعلقہ خبریں