کراچی میں سپر اسٹورز اور سپرمارکیٹوں میں فروخت ہونے والی برانڈڈ اشیاء کی قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹرجنرل بیورو آف سپلائی پرائسز زاہد حسین شر کی زیر صدارت کراچی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں صارف تحفظ ایکٹ پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے برانڈڈ اشیاء کی تیاری کی لاگت اور منافع کے مارجن سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
زاہد حسین شر نے کہا کہ کاروبار کرنے والے تمام ادارے بیورو آف سپلائی کے پاس اپنے گوداموں کا اندراج اور تجدید کرائیں گے، حکومت نے ضروری اشیاء کی قیمت کنٹرول، ذخیرہ اندوزی، منافع خوری روکنے اور کراچی میں تیار کردہ اور برانڈڈ ضروری اشیاء کی قیمتوں کے تعین کا اختیار دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ کراچی میں اگلے ماہ تمام برانڈڈ اشیاء کی قیمتیں مقرر کردی جائیں گی، جبکہ اس سے قبل اشیاء کی لاگت اور منافع کی شرح کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کی جائیں گی۔
زاہد حسین شر افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کے مناسب ضابطے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کویقینی بنایا جائے، حکومت یہ اقدام کراچی والوں کو برانڈڈ اشیاء مناسب قیمتوں پردستیاب کرانے اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اجلاس میں بیورو آف سپلائی کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ کراچی کے سپر اسٹورز اور سپر مارکیٹوں کےنمائندوں نے بھی شرکت کی۔



















