وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پانی ہماری لائف لائن ہے، اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پی ایم اے کاکول پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈمیں شرکت اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے پاس آؤٹ کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج تنظیم، اتحاد، قومی مفاد کی تکمیل اورعزم کانشان ہیں، پاکستان کی مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سےایک نام رکھتی ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کا پانی روکنے کی ہر کوشش کا قومی طاقت سے جواب دیں گے، پاکستان اپنی سلامتی وخودمختاری کا ہر قیمت پرتحفظ کرےگا، کوئی مہم جوئی ہوئی توفروری 2019 کی طرح منہ توڑجواب دیں گے، امن ہماری خواہش ہےلیکن اسےکمزوری نہ سمجھا جائے، وطن عزیزکی سالمیت پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کیلئے کوششیں باآور ہورہی ہیں، سرمایہ کاری میں اضافےاوراقتصادی ترقی پر توجہ مرکوزہے، پاکستان عالمی امن کےقیام کیلئےاپنی ذمہ داریوں سےمکمل آگاہ ہے، اقوام متحدہ کےچارٹرکےمطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتےرہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کےساتھ تعلقات کےحوالے سے نائب وزیراعظم نےکابل کادورہ کیا، ہم افغانستان کےساتھ پرامن اور مستحکم تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر عالمی سطح پر متنازع علاقہ ہے، کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا ہوگا، پاکستان نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی،مالی نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے ناسورکےخاتمے کیلئےپاکستان سے زیادہ کسی کی قربانیاں نہیں ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے ہمسایہ ملک کی طرف بغیر ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کی گئی، پہلگام واقعہ پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیاگیا، پاکستان پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کیلئےتیار ہے۔



















