Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی مندوب کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوتیریس سے ملاقات کی ہے، قبل ازیں انھوں نے او آئی سی گروپ کے سفیروں سے بھی ملاقات کی اور ان کو جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال سےآگاہ کیا۔

انٹونیو گوتریس سے ملاقات میں عاصم افتخار نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر بات کی۔ دونوں رہنماؤں نےخطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

عاصم افتخار نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کا عزم دہرایا، اس سےقبل عاصم افتخار نے او آئی سی گروپ کے سفیروں کو بھی جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال سےآگاہ کیا۔

انہوں نے بتایاکہ بھارت سیاسی بنیاد پر اور غیر ذمہ دارانہ انداز سے انتہائی اشتعال انگیزی پر اترا ہوا ہےجو کہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔

بھارت نے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل  کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کردی تھی۔

پاکستان نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا جواب دیتے ہوئے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

متعلقہ خبریں