Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سائٹ کراچی میں پانی کا سنگین بحران، صنعتی سرگرمیاں معطل، اربوں کا نقصان

شہرِ قائد کی سب سے بڑی صنعتی بستی سائٹ ایریا میں گزشتہ دو ہفتوں سے پانی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث صنعتی سرگرمیاں مکمل طور پر رُک گئی ہیں۔

صنعتی سرگرمیاں معطل ہونے سے نہ صرف اربوں روپے کا مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ ہزاروں مزدوروں کے روزگار پر بھی خطرے کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر احمد عظیم علوی کے مطابق صنعتوں کو یومیہ 50 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے، لیکن محض 2.5 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی ایک معاشی المیہ بن چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانی کی شدید قلت نے خاص طور پر ٹیکسٹائل پروسیسنگ یونٹس کو بُری طرح متاثر کیا ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صنعتوں کی مستقل بندش ناگزیر ہو جائے گی۔

احمد عظیم علوی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹینکرز سے پانی خریدنا نہایت مہنگا ہے اور اس کے باوجود طلب کے مطابق دستیاب نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کینال واٹر سپلائی منصوبہ تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث سائٹ کو 23 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی تعطل میں ہے۔

انہوں نے میئر کراچی سے 35 ایم جی ڈی ری سائیکلنگ پلانٹ کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے کی اپیل کی اور سوال اٹھایا کہ پانی کے بغیر صنعتیں قومی معیشت کو کیسے سہارا دیں گی؟

صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو ہزاروں مزدوروں کو برطرف کرنا پڑے گا، جو شہر کے لیے ایک سماجی بحران کو جنم دے سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں