Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کا محاذ آرائی کے لئے نیا جھوٹا بیانیہ اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب

بھارت کا محاذ آرائی کے لئے نیا جھوٹا بیانیہ اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔

بھارتی میڈیا نے پہلگام فالس فلیگ کی ناکامی کے بعد ایک اور من گھڑت خبر چلادی، بھارتی میڈیا اب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کو دہشت گردی کے کیمپس کہنے لگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لئے میڈیا کو آزاد کشمیر کا دورہ کرائے گا جب کہ پاکستان نے بین الاقوامی اور قومی میڈیا کا دورہ آزاد کشمیر کا بھی اہتمام کرلیا ہے۔

میڈیا کو ان علاقوں کا دورہ کرایا جائے گا جنہیں گودی میڈیا دہشت گرد کیمپس رپورٹ کرتا ہے جب کہ گودی میڈیا خیالی دہشت گردوں کے کیمپس کا جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کرتا رہا ہے۔

گودی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں، جنہیں بھارت نے نشانہ بنانا تھا جب کہ دہشت گردوں نے ایل او سی کے ذریعے بھارت میں داخل ہونا تھا۔

گودی میڈیا نے کیل، سردی، دودھنیال، اتمقم، جورا، لیپا، پچھیبان، فارورڈ کہوٹہ اور کوٹلی کے نام رپورٹ کیے تھے جب کہ گودی میڈیا نے جھوٹ بولتے ہوئے کہا کہ کھوئی رٹہ مینڈھر، نکیل، چمن کوٹ اور جان کوٹ سے دہشت گردوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کل میڈیا کو انہی جگہوں کا دورہ کراکر بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرے گا، بھارت ان علاقوں کے نام لے کر پاکستان پر جارحیت کا بھونڈا ڈرامہ رچا سکتا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملکی اور عالمی میڈیا کے دورے سے بھارتی پروپیگنڈے کی قلعی کھل جائے گی، بھارت پہلگام کے بعد اب اپنے اس دعوے کے جھوٹا ثابت ہونے سے خوفزدہ ہے۔

متعلقہ خبریں