اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی اور علاقائی امن کے قیام کے لیے کردار کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے جاری کردہ بیان میں دل کی گہرائیوں سے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کئی دہائیوں سے قریبی شراکت دار رہے ہیں اور دونوں ممالک نے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مل کر کام کیا ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان کو ایک بااعتماد اور عظیم شراکت دار میسر آیا ہے اور توقع ظاہر کی کہ اس شراکت داری کے تحت دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت ملے گی، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبہ جات میں بھی دوطرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔



















