اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔
پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025 کا بل قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کیا جس کو منظور کرلیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات کی عدم فراہمی کے خلاف توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت نیلسن عظیم نے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات ملنے کی نوید سناتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے ادویات کی عدم فراہمی کا نوٹس لیا تھا اور رقم جاری کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ
دوسری جانب سال 2013 سے لے کر اب تک کالام روڈ کے 12 پل اور چھ کلومیٹر سڑک سیلاب سے بہہ جانے کے خلاف بھی توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا گیا۔
توجہ دلاؤ نوٹس پی ٹی آئی رکن امجد علی خان نے پیش کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ سیلاب 2010 میں کالام روڈ کو نقصان پہنچا، اس سڑک کے فنڈ ایشین بینک نے دیے۔
امجد علی خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کالام میں دس ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا مگر آج تک عمل نہیں ہوا، ایک سیاسی رہنما جو وفاقی وزیر بھی ہیں ان کی وجہ سے کالام روڈ پر کام نہ ہوسکا ہے۔
امجد علی خان کہتے ہیں کہ صرف یہ بتادیا جائے کہ کالام روڈ پر کام کب شروع ہوگا جس پر پارلیمانی سیکرٹری مواصلات نے بتایا کہ کالام روڈ پر کام جلد ہی شروع ہوجائے گا، جس ٹھیکیدار نے اتنی تاخیر کی ہے اسے جرمانہ کیا گیا ہے۔



















