دنیا بھر میں آج یعنی یکم جون کو “عالمی یوم والدین” (Global Day of Parents) منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد والدین کی بے لوث محبت، قربانیوں اور بچوں کی پرورش میں ان کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
پاکستان میں اس دن کی مناسبت سے مختلف تقاریب، سیمینارز اور سوشل میڈیا مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں والدین کے حقوق، خاندانی نظام کی مضبوطی اور بچوں کی بہتر تربیت جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ نے 2012 میں اس دن کو باقاعدہ طور پر منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ عالمی سطح پر والدین کی خدمات کو سراہا جاسکے اور خاندان کے ادارے کو مضبوط کیا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتے ہیں، اور ان کی رہنمائی، تربیت اور محبت بچوں کی شخصیت کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی #GlobalDayOfParents اور #والدین_کا_دن جیسے ہیش ٹیگز کے ذریعے لوگ اپنے والدین سے محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو یاد کر کے خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔



















