وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ والدین کی خدمت، عزت واحترام، اطاعت اور دیکھ بھال کو فرض اول سمجھ کر ادا کیجئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے والدین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں، والدین کی بےلوث محبت میری زندگی کا انمول اثاثہ ہے۔
انہوں نےکہا کہ والدین کی اطاعت اللہ تعالیٰ کا حکم، سنت رسول اور مشرقی روایت ہے، والدین کی اپنے بچوں کے لیے محبت اور قربانیاں انسانی فطرت اور جبلت میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی یوم والدین: محبت، قربانی اور رہنمائی کے اعتراف کا دن
مریم نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ والدین کے بغیر گھر صرف اینٹوں کا مکان ہوتا ہے اور والدین کی موجودگی سے معمولی سا کمرہ بھی جنت بن جاتا ہے، والدین ہی اولاد کی ہر کامیابی کی بنیاد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آج جس مقام پر ہوں وہ شفیق والدین کی تربیت اور دعاؤں کا ثمر ہے، اپنے والدین کی خدمت اور اطاعت کو شرف سمجھتی ہوں، دعا ہے اللہ تعالیٰ سب بچوں پر والدین کا سایہ سلامت رکھے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ آج کے دن ان بچوں کو بھی یاد رکھیں جن کے والدین وطن عزیز کی سلامتی پر قربان ہوگئے، میں ان والدین کو بھی خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جن کے بچوں نے جام شہادت نوش کیا۔



















