Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ درج، ملزم کو شناخت کرسکتی ہوں، والدہ کا دعویٰ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قتل ہونے والی معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ ان کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں تھانہ سمبل میں درج کر لیا گیا ہے۔

 پولیس نے واقعے کی تفصیلات پر مبنی ایف آئی آر کے متن کو جاری کردیا ہے، جس کے مطابق ثنا کو قتل کرنے والا شخص نامعلوم تھا اور گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے فرار ہوگیا۔

ایف آئی آر کے مطابق شام 5 بجے کے قریب ایک نامعلوم شخص کالے رنگ کی شرٹ اور ٹراوزر پہنے، ہاتھ میں پستول لیے گھر میں داخل ہوا، ملزم نے کمرے میں موجود ثنا یوسف پر فائرنگ کی، جس سے دو گولیاں ان کے سینے پر لگیں۔

والدہ فرزانہ یوسف کے بیان کے مطابق گھر والوں کے شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کے بعد اہلِ محلہ بھی جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے اور زخمی ثنا کو فوری طور پر ہمسائیوں کی مدد سے گاڑی میں اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکیں۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ فرزانہ یوسف کی نند لطیفہ شاہ اس واقعے کی چشم دید گواہ ہیں اور دونوں خواتین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ملزم کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتی ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں