اقتصادی سروے 2024-25 کے مطابق رواں مالی سال کے دوران لاکھوں پاکستانی بہتر معاشی مواقع کی تلاش میں بیرون ملک گئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی رہی، جو ملکی لیبر ایکسپورٹ میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب سے 4 لاکھ 4 ہزار 345 افراد مختلف ممالک میں روزگار کے لیے روانہ ہوئے، جو تمام صوبوں میں سرفہرست ہے۔
اس کے بعد خیبر پختونخواہ کا نمبر آتا ہے جہاں سے 1 لاکھ 87 ہزار افراد نے بیرون ملک ملازمت کے مواقع تلاش کیے۔
سندھ سے 60 ہزار 424، قبائلی علاقوں سے 29 ہزار 937، آزاد کشمیر سے 29 ہزار 591، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 8 ہزار 621 ورکرز بیرون ملک روانہ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان سے 5 ہزار 668 افراد نے بیرون ملک روزگار کے لیے ہجرت کی، جبکہ شمالی علاقہ جات سے یہ تعداد صرف 1,692 رہی۔



















