Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جبری نقل مکانی عالمی چیلنج بن چکی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر میں جبری نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جاری تنازعات اور بحران لاکھوں افراد کو زبردستی اپنے گھروں سے بےدخل ہونے پر مجبور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ ان تنازعات کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق سفارتکاری اور بات چیت کے ذریعے حل کرے۔

شہباز شریف کے مطابق مؤثر سفارتی کوششیں نہ صرف تنازعات کے خاتمے کا ذریعہ بن سکتی ہیں بلکہ پناہ گزینوں کے بحران کو بھی روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی چار دہائیوں پر محیط افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کمزور عالمی مدد کے باوجود لاکھوں افغان بہن بھائیوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کیں، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پناہ گزینوں کی باعزت وطن واپسی ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے، جس کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے انسانیت، ہمدردی اور بین الاقوامی تعاون جیسے بنیادی عالمی اصولوں کے فروغ کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر ان اقدار کو اپنائیں جو دنیا کو ایک محفوظ، منصفانہ اور پُرامن جگہ بنا سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں