Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان علماء کونسل کا ضابطہ اخلاق جاری

لاہور: پاکستان علماء کونسل نے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن و امان، مذہبی رواداری، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کی مشاورت سے ’’پیغامِ پاکستان ضابطہ اخلاق‘‘ جاری کردیا ہے۔

یہ ضابطہ اخلاق پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں جاری کیا گیا۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے درجنوں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔

ضابطہ اخلاق کے اہم نکات:

فرقہ واریت اور شدت پسندی کی مذمت: طاقت کے زور پر نظریات مسلط کرنا، فرقہ وارانہ نفرت پھیلانا اور اسلحہ کے زور پر عقائد نافذ کرنا فساد فی الارض اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔

اہلِ بیت و صحابہ کرام کا احترام: انبیاء، اصحاب رسول، خلفائے راشدین، اہل بیت اور ازواج مطہرات کی توہین ناقابل قبول ہے۔ قانون ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

تکفیر کا اختیار ریاست کو حاصل: کسی فرد یا گروہ کو کافر قرار دینا ریاست کا اختیار ہے، علماء کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو درست دینی رہنمائی فراہم کریں۔

غیر مسلم شہریوں کے حقوق: آئینِ پاکستان کے تحت تمام اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے، عبادات اور تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

خواتین کے حقوق کی پاسداری: خواتین کی عزت، تعلیم اور وراثت جیسے حقوق کا تحفظ شریعت اسلامی کی رو سے لازم ہے۔

قانونی دائرہ کار میں مجالس کی اجازت: محرم و صفر کے دوران مجالس اور اجتماعات کی اجازت ہوگی تاہم چادر و چاردیواری کے تقدس کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

ذمہ دارانہ اندازِ بیان: تمام علماء و خطباء کو چاہیے کہ وہ اپنے اندازِ بیان میں احتیاط برتیں اور دوسروں کے عقائد کی توہین سے اجتناب کریں۔

میڈیا کا کردار: تمام میڈیا ادارے، بالخصوص سوشل میڈیا، اشتعال انگیز مواد سے پرہیز کریں اور ’’پیغامِ پاکستان‘‘ کو فروغ دیں۔

انتظامیہ سے تعاون: تخریب کاروں پر نظر رکھی جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے۔

اسرائیلی جارحیت کی مذمت

اجلاس میں اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ایران اسلامی برادر ملک ہے اور اس کے دفاع کا حق اسے بین الاقوامی قوانین دیتے ہیں۔

علماء نے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، چین، روس اور یورپی یونین سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

قومی اتحاد اور معاشی استحکام کی اپیل

پاکستان علماء کونسل نے حکومت اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ قومی اتفاق رائے سے ملک میں امن، استحکام اور معاشی بہتری کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں۔

علماء و مشائخ نے یہ بھی اعلان کیا کہ ملک بھر میں علماء کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ضابطہ اخلاق کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں