Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شمالی وزیرستان؛ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خود کش حملہ، 13 جوان شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 13 جوان شہید جب کہ دو بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی فورسز کے قافلے سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 14 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خود کش حملے میں 13 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ 2 بچوں سمیت خاتون بھی زخمی ہوگئیں، شہداء میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف سمیت دیگر جوان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس بزدلانہ اور وحشیانہ کارروائی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

متعلقہ خبریں