بہادر اور شیر دل شہید جوان راحیل قائم خانی کو آبائی قبرستان مکمل اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیاگیا۔
خاکی اپنے سینے پر سجانے والے بہادر جوان کو خاک کے سپرد کرنے کےلئے پورا شہر امڈ آیا۔

شہید راحیل قائم خانی کوٹ غلام محمد (جیمس آباد) سندھ کا رہنے والا تھا۔ ایک اور بہادر ماں کا لال پاک فوج کاجوان سپاہی اپنے وطن پر قربان ہوگیا۔
یہ قربانی ثبوت ہے کہ ہمارے جوان اپنی جانیں دے کرملک کی حرمت وسلامتی کی حفاظت کرتے ہیں ۔

شہید راحیل قائم خانی والدین کا فرمانبردار،بیوی بچے پر جان چھڑکنے والا،بہن بھائیوں کاخیال رکھتاتھا۔ وہ دوستوں کے دکھ سکھ میں شریک رہنے والا کم گو با اخلاق انسان تھا۔
وطن کےلئے شہیدہونے والا راحیل قائم خانی کوئی عام فوجی نہیں تھا۔ بلکہ فوج کے بہت سے انتہائی حساس شعبہ جات میں سے ایک شعبے سے تعلق رکھتا تھا۔
جو ہمیشہ اپنی جان پیش کر کے قوم کی حفاظت کرتے اوردشمن کے عزائم خاک میں ملاتے ہیں۔

راحیل قائم خانی دشمن کی بچھائی مائنز و دیگر بارودی مواد ڈی فیوز کرنے کا ماہر تھا۔جس نے ہمیشہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر کامیابی سے اپنے مشن مکمل کئے۔
کچھ دن پہلے راحیل قائم خانی کا تبادلہ اوکاڑہ چھاؤنی ہوا تھا۔ جہاں اس نے ڈیوٹی جوائن کر لی تھی ۔ اور اپنی فیملی اوکاڑہ شفٹ کرنے کی تیاریوں میں تھا۔

لیکن قدرت نے راحیل قائم خانی کے نصیب میں 30 سال کی بھرپور جوانی میں شہادت لکھ دی تھی۔
3 دن پہلے ہی اوکاڑہ سے ملک دشمن عناصرکیخلاف خصوصی مشن پروزیرستان طلب کیا گیاتھا۔
جہاں 28 جون بروزہفتہ کو وہ خود کش حملے میں اپنے ساتھیوں سمیت جامِ شہادت نوش فرما گیا۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔
اتوارکوبعدنمازعصر شہید کی نماز جنازہ ریلوے پلیٹ فارم کوٹ غلام محمد پرادا کی گئی۔ انہیں مکمل اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیاگیا۔

اس موقع پر پورا شہر امڈ آیا اور شہید جوان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
اللّه تعالیٰ شہید راحیل قائم خانی سمیت وطن پ قربان ہونے والے تمام شہداکوجنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے۔
آمین۔



















