وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر بلدیات سعید غنی نے لیاری میں 5 منزلہ عمارت گرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، متعلقہ حکام فوری رپورٹ پیش کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو فوری نکالنے کے لیے اقدامات کریں، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لیاری میں عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری۔
مراد علی شاہ کو آگاہی فراہم کی گئی کہ ملبے سے اب تک 5 زخمی افراد کو نکالا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے شہر کی بوسیدہ و خستہ حال عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر تشویش کا اظہار کیا، اور ریسکیو اداروں کو فوری، مؤثر اور ہم آہنگ امدادی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ملبے تلے پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا جائے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابلِ برداشت ہوگی۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاری کے علاقہ بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے کا فوری نوٹس لے لیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے تمام متعلقہ محکموں کے اعلٰی افسران سے رابطہ کرکے فوری طور پر ریسکیو کام سرانجام دینے کی ہدایات دی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ عمارت میں پھنسے ہوئے تمام لوگوں کو جلد از جلد ریسکیو کیا جائے، عمارت کے اطراف کی تمام رکاوٹوں کو دور کرکے ریسکیو آپریشن کو تیز سے تیز کیا جائے۔
وزیربلدیات کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام اداروں کے افسران فوری طور پر جائے وقوعہ پر اپنی نگرانی میں اس ریسکیو کام کو سرانجام دیں، عمارت گرنے کی وجوہات اور اس کے تمام اسباب کی فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
سعید غنی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اس عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے پر مرکوز ہونا چاہیے، اور اگر کوئی زخمی ہوئے ہیں ان کی فوری طبی امداد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔



















