Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا2024 کااعلامیہ معطل

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 2024 میں جاری کردہ اعلامیے کو معطل کردیا۔

یہ فیصلہ (ن) لیگ کی جانب سے مخصوص نشستوں کی تقسیم کے خلاف دائر درخواست پر سنایا گیا۔

عدالت کی جانب سے جاری 2 صفحات پر مشتمل فیصلے میں الیکشن کمیشن کے خواتین اور اقلیتوں سے متعلق دونوں اعلامیے کالعدم قرار دے دیے گئے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں کی نئی ایلوکیشن کرے، اور اس عمل سے قبل تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو سنا جائے۔

عدالت کی جانب سے اس عمل کے لیے الیکشن کمیشن کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک الیکشن کمیشن نیا فیصلہ نہیں کرتا،مخصوص نشستوں پر کسی  سے حلف نہ لیا جائے۔

پشاور ہائیکورٹ نے واضح کیاکہ الیکشن کمیشن (ن) لیگ،پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)،اے این پی اورپی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کو سن کر نشستوں کی ازسرنو تقسیم کرے۔

قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ن  لیگ کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کار کے خلاف دائر درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں