Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی یوم آبادی: نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آبادی میں پائیدار اضافے اور جامع ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس سال عالمی یوم آبادی کا موضوع “نوجوانوں کو بااختیار بنانا” ہے، جو پاکستان کے موجودہ آبادیاتی منظرنامے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جس میں 65 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے، یہ نوجوان آبادی قومی ترقی، معاشی جدت اور سماجی بہتری کے لیے ایک زبردست قوت بن سکتی ہے، بشرطیکہ انہیں درست سمت میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، جہاں بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے وسائل، بنیادی ڈھانچے اور نظامِ حکمرانی پر بھاری دباؤ ڈال رہی ہے، ایسی صورتحال میں نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار اور ہنر مندی پر بھرپور توجہ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ایک جامع اور حقوق پر مبنی آبادیاتی ایجنڈے کے لیے پرعزم ہے، جس میں تمام افراد کو صحت کی سہولیات تک مساوی رسائی، خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات، اور زندگی کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ آبادی کے استحکام کے لیے مربوط، کثیرالجہتی حکمتِ عملی اپنانا ہو گی، جس میں تمام سرکاری و غیر سرکاری اسٹیک ہولڈرز مشترکہ طور پر اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کو مضبوط بنانا ہو گا تاکہ پاکستان کا مستقبل صحت مند، خوشحال اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

متعلقہ خبریں