Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کو سیز فائر ہضم نہیں ہورہا،لگتا ہے زیادہ دباؤ آگیا،نائب وزیراعظم

بھارت کو سیز فائر ہضم نہیں ہورہا، لگتا ہے زیادہ دباؤ آگیا۔نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا ہے ک سیز فائر کی درخواست خود بھارت نے  کی تھی۔

کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہاکہ کسی کوپاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دینگے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم نے باور کرادیا کہ بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ رخ موڑا جا سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم کاکہناتھاکہ بھارت سے ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا ہے مگر اس کی سیاسی قیادت سے جنگ بندی ہضم نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہاکہ شاید ملک میں دباؤ بہت زیاد ہے، کبھی کہتے ہیں عارضی سیز فائر ہے، کبھی کہتے ہیں یہ ٹریلر تھا ابھی اصل فلم چلنا باقی ہے، ہم نے تو اپنا حساب چکا دیا ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعے کے 4 روز بعد وزیراعظم نے بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کی، لیکن اب تک جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے پر بھارت کی جانب سے پاکستان کا نام نہیں لیا گیا، لیکن سارے اقدامات پاکستان مخالف تھے۔

اسحٰق ڈار کاکہناتھاکہ بھارت نے ہمارے خلاف جو اقدامات کیے، ہم نے بھی وہی اقدامات بھارت کے خلاف کیے۔

ان کاکہناتھاکہ بھارت نے پہلے ہمارے سفارتکار کم اور انہیں ناپسندیدہ قرار دے کر واپس بھیجا تو ہم نے بھی جیسے کا تیسا جواب تھا۔

انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے۔ ان کا کہناتھاکہ  پاکستانی برادری سے مل کر خوشی ہوئی۔

اسحٰق ڈار نے کہاکہ  پاکستانی کی معاشی صورتحال انتہائی خراب تھی، خراب معاشی صورتحال کے باوجود ہم نے ٹیک آف کیا، پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔

متعلقہ خبریں