صدرزرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے 13 جولائی یوم شہدائے کشمیرکے موقع پر کشمیری شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایوان صدر اور ایوان وزیراعظم سے جاری پیغامات میں یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اُن 22 عظیم کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیاجنہوں نے 13 جولائی 1931 کو سری نگر جیل کے باہر ظلم و جبر کے خلاف اور حقِ آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
عالمی برادری بھارتی ریاستی دہشتگردی کانوٹس لے، صدر مملکت
صدر مملکت نے کہا کہ آج کشمیری عوام جس عظیم جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں، وہ انہی 22 شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی بہادری، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتاہے۔
انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور اس تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کریں۔
مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجائے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہاکہ آج کا دن کشمیر کے مسلمانوں کی موروثی استقامت، سفاک قوتوں کے خلاف مزاحمت اور غیر متزلزل عزم کی یاد دہانی کے طور پر کام کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جائز جدوجہد کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرتے رہے اور کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن حکومت پاکستان ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیر کے مسئلے کا حل اور جموں کشمیر کے حق خودارادیت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔



















