سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جن کی کارکردگی صفر بٹا صفرہے وہ نمبرپلیٹ پر سیاست کررہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہر میں جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں اور دیگر اہم امور پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ییلو لائن بی آر ٹی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے جبکہ جام صادق پل کی تعمیر بھی مکمل رفتار سے کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کراچی کی اشد ضرورت ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ منصوبے جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچیں۔
شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ حکومت اگست میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی لانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ای وی (الیکٹرک وہیکل) بس سروس کا پہلا فیز کامیابی سے شروع کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگست یا ستمبر تک مزید ای وی بسیں کراچی میں شامل ہو جائیں گی، تاکہ شہر کو آلودگی سے پاک ٹرانسپورٹ فراہم کی جا سکے۔
بارشوں کے دوران حیدرآباد اور کراچی میں حیسکو کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بارشوں میں حیسکو کے فیڈرز ٹرپ ہوتے رہے اور ادارہ مکمل طور پر ناکام نظر آیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں میئر اور دیگر انتظامیہ مشینری فیلڈ میں موجود تھی، مگر حیسکو نے ذمہ داریاں ادا نہیں کیں۔
شرجیل انعام میمن نے جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر کہا کہ اگر قانون نافذ ہو رہا ہے تو کسی کو اعتراض کیوں ہے؟ بعض افراد اپنی کارکردگی صفر ہونے کے باوجود محض نمبر پلیٹ پر سیاست کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ عوام کو گمراہ کر کے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے پاس جتنا مینڈیٹ ہے، انہیں کام کرنے دیا جانا چاہیے لیکن وہ جماعت جو ختم ہوچکی ہے، اُس کی ذہنیت آج بھی وہی پرانی ہے، نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا اور ایم کیو ایم کو چاہیے کہ وہ سوشل ایشوز پر سیاست کرے۔
انہوں نے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ عمارتیں 1980 کی دہائی میں بغیر نقشہ منظوری کے تعمیر کی گئی تھیں۔
صوبائی وزیر نے 9 مئی کے واقعات پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی سازش کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بانی پی ٹی آئی کے بچے اگر پاکستان آنا چاہتے ہیں تو آئیں لیکن انہیں ملک کے قوانین کی مکمل پاسداری کرنا ہوگی۔



















