ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 7 ویں پاک برطانیہ اسلحہ کنٹرول، عدم پھیلاؤ و تخفیف اسلحہ مذاکرات ہوئے جس میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں دوطرفہ تعاون پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 ویں پاک برطانیہ اسلحہ کنٹرول مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل فارن سیکرٹری برائے طاہر اندرابی، جبکہ برطانوی وفد کی قیادت ایف سی ڈی او کے اسٹیفن لِلی نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ ہماری ایک بڑی برآمدی منزل ہے، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات میں بین الاقوامی و علاقائی سیکیورٹی، اسٹریٹجک استحکام پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اس کے علاوہ اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ و عدم پھیلاؤ پر جامع گفتگو کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دوران مذاکرات یو این جنرل اسمبلی، کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ اور دیگر عالمی کنونشنز پر بھی غور ہوا، اس کے علاوہ ابھرتی ٹیکنالوجیز کے استعمال و اثرات پر بھی بات چیت ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ڈائیلاگ 2015 سے دوطرفہ تعلقات کا اہم جزو ہے، فریقین نے باقاعدہ مشاورت کو باہمی سمجھ بوجھ و تعاون کا ذریعہ قرار دیا، جبکہ اگلا اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔



















