Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’’نئی سوچ، نیا عزم‘‘؛ آئی ایس پی آر سمر انٹرنشپ 2025 کا شاندار آغاز، 6500 طلبہ کی بھرپور شرکت

اسلام آباد: پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام سمر انٹرنشپ پروگرام 2025 کا شاندار آغاز ہوگیا ہے جس میں ملک بھر کی 150 سے زائد یونیورسٹیوں کے 6500 سے زائد طلبہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام سمر انٹرنشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا، جامع اور ہمہ جہت انٹرنشپ پروگرام ہے جو بیک وقت ملک کے 33 شہروں میں کامیابی سے جاری ہے۔

اس منفرد تربیتی پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو عملی، تخلیقی اور فکری طور پر مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کرسکیں۔

تعلیمی و قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کی عملی مثال

انٹرنشپ میں شریک نوجوانوں کو علمی، تخلیقی اور عملی سرگرمیوں سے بھرپور تربیت دی جارہی ہے۔

طلبہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہم سب کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ہمیں مل کر ملک کی خدمت کرنی چاہیے۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوان نسل کا کردار کلیدی ہے اور ایسے پروگرامز ان میں خود اعتمادی، وژن اور حب الوطنی کو فروغ دیتے ہیں۔

قومی شخصیات کی رہنمائی

پروگرام کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور قومی شخصیات طلبہ سے خطاب کریں گی اور انہیں اہم موضوعات پر رہنمائی فراہم کریں گی۔ اس اقدام سے طلبہ کو نہ صرف تعلیمی ترقی بلکہ قائدانہ صلاحیتوں میں بھی بہتری کا موقع ملے گا۔

آئی ایس پی آر کا نوجوان نسل کے لیے انقلابی قدم

سمر انٹرنشپ پروگرام 2025 درحقیقت پاک فوج کا ایک ایسا انقلابی اقدام ہے جو نوجوانوں کو نئی سوچ، نیا وژن اور عملی تربیت فراہم کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم نہ صرف نوجوانوں کی شخصیت نکھارتا ہے بلکہ انہیں قومی ترقی کے سفر میں شانہ بشانہ کھڑا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں