اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے لائن سے خطے میں تجارت کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کے شپنگ سیکٹر اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں اصلاحات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شپنگ سیکٹر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ اس اہم صنعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو مکمل طور پر کارپوریٹ انداز میں چلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان ریلوے لائن کے ذریعے خطے میں تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں پاکستانی بندرگاہیں وسطی ایشیائی تجارتی سامان کی عالمی ترسیل کا مرکزی راستہ بنیں گی، ٹرانزٹ ٹریڈ میں کامیابی کے لیے ریلوے اور شپنگ کے شعبوں کو جدید اور مؤثر بنانا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستانی شپنگ لائنز کے ذریعے ترسیل سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ بچانے کا سنہری موقع حاصل ہے، اس مقصد کے لیے بحری بیڑے میں جہازوں کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ فریٹ کی مد میں بیرون ملک جانے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے۔
اس دوران وزیراعظم نے وزارتِ بحری امور اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو بھی ہدایت دی کہ شعبے کی ازسرنو اصلاحات اور پائیدار کاروباری ماڈل پر مبنی حکمت عملی جلد از جلد پیش کریں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احد خان چیمہ اور جنید انور چوہدری شامل تھے۔



















