Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہنگو میں کامیاب آپریشن؛ 9 خوارجی دہشت گرد ہلاک، ڈی پی او سمیت تین اہلکار زخمی

ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے زرگری شناواری میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کی جس دوران 9 دہشت گرد جہنم واصل اور ڈی پی او خالد خان سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع ہنگو میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا اور 4 زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی پی او خالد خان، ایس ایچ او دوآبہ اور ایک حساس ادارے کے افسر زخمی ہوگئے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس، ٹل اسکاؤٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کا مؤثر جواب دیا گیا۔

آپریشن کی قیادت خود ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خالد خان کر رہے تھے، جو دورانِ مقابلہ زخمی ہوگئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق انہیں تین گولیاں لگیں۔ ایس ایچ او دوآبہ اور ایک دیگر افسر بھی جھڑپ میں زخمی ہوئے۔

زخمی ڈی پی او خالد خان کو فوری طور پر کوہاٹ منتقل کیا گیا جہاں سے ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں پشاور سی ایم ایچ ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے زخمی افسران کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ فورس کے جوانوں نے ایک بار پھر بہادری کی نئی مثال قائم کی ہے۔

آئی جی کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ یہ آپریشن اس عزم کا اظہار ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک دشمن عناصر کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں