اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے علاوہ ملک بھر کے بازار رات 8 بجے بند کردیے جائیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں بڑے فیصلے سامنے آئے ہیں جس کے تحت پنجاب، کے پی کے، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت اور آزاد کشمیر میں تمام شاپنگ مالز اور بازار رات 8 بجے بند کردیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق کے پی کے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مارکیٹیں، شاپنگ مالز رات نو بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی جب کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور ہر قسم کے مالز رات آٹھ بجے بند ہوں گے۔
علاوہ ازیں بیکریاں، ریسٹورنٹ اور تندور رات 10 بجے بند ہوں گے، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ میرج ہالز 10 بجے بند ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجی املاک اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات 10 بجے کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے جب کہ فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
