Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب کا پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر اضافی مالیاتی تعاون کا اعلان

محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت کا ہدف زرمبادلہ ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک لے جانا ہے

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی اضافی مالی سپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کو استحکام حاصل ہوگا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایک ہفتے کے اندر 3 ارب ڈالر پاکستان منتقل کیے جائیں گے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت کا ہدف زرمبادلہ ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک لے جانا ہے اور سعودی مالی تعاون اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں 1.4 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی بروقت مکمل کی ہے اور ملک تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو سراہ رہے ہیں اور ملک عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے پاکستان جی ایم ٹی این پروگرام اور پانڈا بانڈ کے ذریعے فنڈنگ کے ذرائع میں تنوع لا رہا ہے جبکہ عالمی برادری پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو بھی تسلیم کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے سعودی قیادت کے مسلسل تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مالی مدد سے پاکستان کی معیشت کو نیا اعتماد ملا ہے۔

متعلقہ خبریں