Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی روضہ رسولؐ پر حاضری، ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں

وزیراعظم کے لیے روضہ مبارک کے دروازے بھی خصوصی طور پر کھولے گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے دورے کے دوران مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ حاضری دی اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے دوران ملک و قوم کی ترقی اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

وزیراعظم گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

مدینہ منورہ میں قیام کے دوران وزیراعظم نے مسجد نبویؐ میں حاضری دی، روضہ رسولﷺ کی زیارت کی سعادت حاصل کی اور درود و سلام پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم اور ان کے وفد کے لیے روضہ مبارک کے دروازے بھی خصوصی طور پر کھولے گئے۔

وزیراعظم نے اس بابرکت موقع پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر امن و آشتی کے قیام کے لیے دعائیں کیں۔

واضح رہے کہ دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم مدینہ منورہ سے دوحہ روانہ ہوں گے جہاں وہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں