پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کرتے ہوئے اندرونِ ملک تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے اندرونِ ملک تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے سطحِ آب سے داغے گئے برق رفتار میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور دیگر جدید خصوصیات سے لیس ہے، جو اسے دشمن کے دفاعی نظام سے بچنے اور اپنے ہدف کو نہایت درستگی سے نشانہ بنانے کے قابل بناتی ہیں۔
میزائل فائرنگ کا مشاہدہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا جبکہ اس موقع پر منصوبے سے منسلک سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی برتری اور عملی مہارت کا عکاس ہے۔
صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس کامیابی پر میزائل تجربے میں حصہ لینے والے یونٹس، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔



















