پاک ترک مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز کی مشق “جناح 13” ترکی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس مشق کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت، ہم آہنگی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔
مشق جناح 13 کے دوران انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ شہری علاقوں میں جنگی حکمتِ عملی اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی ایس) سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی مشترکہ تربیت فراہم کی گئی۔
پاک فوج کے دستوں نے ترک افواج کے ساتھ مل کر مختلف عملی مشقوں میں حصہ لیا اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تربیتی سرگرمیاں ترکی کے شہروں انقرہ اور اسپارٹا میں منعقد ہوئیں جہاں دونوں ممالک کے کمانڈوز نے جدید حربی تکنیک، طریقہ کار اور آپریشنل حکمتِ عملیوں کو مزید بہتر بنانے پر کام کیا۔
اس کے علاوہ جناح 13 مشق نے تمام تربیتی اور عسکری سفارتی مقاصد کامیابی سے حاصل کیے۔
اس موقع پر پاک-ترک افواج کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا، یہ مشق دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔



















