Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آپریشن غضبِ للحق دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مؤثر اور ذمہ دار حکمت عملی، امریکی جریدے کا اعتراف

امریکی جریدے دی واشنگٹن ٹائمز نے پاکستان کے آپریشن غضبِ للحق پر تفصیلی تجزیہ پیش کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر، متوازن اور ذمہ دارانہ حکمت عملی قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن سرحد پار خطرات کے خلاف پاکستان کی مضبوط فوجی صلاحیت اور بروقت ردعمل کی واضح عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جریدے نے اس امر کو خاص طور پر سراہا کہ آپریشن کے دوران ٹیکٹیکل کامیابیوں کے ساتھ ساتھ سویلین آبادی کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جو پاکستان کی پیشہ ورانہ فوجی حکمت عملی کا ثبوت ہے۔

تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان صرف فوجی کارروائی تک محدود نہیں بلکہ سفارت کاری، سیاسی لائحہ عمل اور اقتصادی اقدامات کو بھی ایک جامع حکمت عملی کے تحت بروئے کار لا رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان وقتی کامیابی کے بجائے خطے میں طویل المدتی استحکام کا خواہاں ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک کارروائیوں میں 180 دہشت گرد پناہ گاہیں اور 30 سے زائد اجتماع گاہیں تباہ کی جا چکی ہیں، جس سے دہشت گرد نیٹ ورکس کو مؤثر ضرب لگی ہے جبکہ سویلین تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

جریدے نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا اور کہا کہ فوج کی کارروائیاں سفارت کاری اور بہتر گورننس کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہیں۔

مزید کہا گیا کہ پاکستان مؤثر بارڈر کنٹرول اور علاقائی تعاون کے ذریعے غیر قانونی سرحدی آمدورفت پر قابو پا رہا ہے، جبکہ وہ افغانستان میں کسی قسم کی رجیم چینج کا خواہاں نہیں بلکہ وہاں کے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام کے ہاتھ میں دیکھنا چاہتا ہے۔

تجزیے میں نیشنل ایکشن پلان کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کے تحت سول اداروں کی انسداد دہشت گردی صلاحیت میں اضافہ اور داخلی سیکیورٹی کے نظام کو غیر سیاسی بنانا، فوجی کامیابیوں کو دیرپا امن میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

دی واشنگٹن پوسٹ نے اپنے تجزیے کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کی جانب سے فوجی کارروائی، سفارت کاری اور سماجی اقدامات کو ایک مربوط پالیسی میں یکجا کرنا عالمی سطح پر اپنائی جانے والی سخت اور یکطرفہ حکمت عملیوں کا ایک مؤثر اور متوازن متبادل ہے۔

متعلقہ خبریں