Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، ناردرن بائی پاس مویشی منڈی کو ایک ماہ مکمل، ایک لاکھ جانور پہنچ گئے، انتظامیہ

منڈی میں داخلے سے قبل مارشلنگ ایریا میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم ہر جانور کا معائنہ کرتی ہے

ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں قائم عوام دوست مویشی منڈی کو ایک ماہ مکمل ہونے پر انتظامیہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیران کن اعداد و شمار اور سہولیات سے آگاہ کر دیا۔

ایڈمنسٹریٹر فرقان چھیپا نے بتایا کہ منڈی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد جانور آ چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس سال منڈی نے غیر معمولی توجہ حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیوپاریوں کو مکمل سہولت دی گئی ہے اور وہ اپنے ساتھ وافر مقدار میں چارہ بھی لا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منڈی میں داخلے سے قبل مارشلنگ ایریا میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم ہر جانور کا معائنہ کرتی ہے تاکہ صرف صحت مند مویشی ہی منڈی میں لائے جائیں، جس سے خریداروں کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق منڈی کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں کراچی، سندھ، کے پی کے، بلوچستان، ڈائمنڈ، گولڈن اور سفائر بلاکس کے علاوہ تین جنرل بلاکس بھی شامل ہیں۔ جنرل بلاکس میں پلاٹس اور لائٹس فری فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ تمام بلاکس میں 24 گھنٹے مفت پانی کی سہولت جاری ہے۔

دوسری جانب منڈی میں قائم فوڈ اسٹریٹ بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ انچارج راؤ عبید کے مطابق ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے بنائی گئی اس فوڈ اسٹریٹ کا مقصد شہریوں کو خریداری کے ساتھ تفریح اور معیاری کھانے فراہم کرنا ہے۔

فوڈ اسٹریٹ میں نامور برانڈز کے فوڈز سینٹرز شامل ہیں، جہاں کھانے پینے کی اشیاء آؤٹ لیٹ ریٹس پر دستیاب ہیں۔

راؤ عبید کے مطابق منڈی میں 70 سے زائد چھوٹے بڑے ہوٹلز، 100 سے زائد مختلف اشیاء کی دکانیں اور 200 سے زائد کیبن اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جہاں بیوپاریوں اور خریداروں کو ہر ضروری چیز میسر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف کیٹیگریز کے ہوٹل، دکانوں اور کیبنز کے کرائے 8 ہزار سے 80 ہزار روپے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سال کی مویشی منڈی نہ صرف خرید و فروخت بلکہ فیملی تفریح کا بھی بڑا مرکز بن چکی ہے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ رخ کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں