لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات ختم ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم واپس روانہ ہوگئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہی عوام کو ریلیف دینا ہے۔
نواز شریف نے زور دیا کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے مزید کہا کہ پارٹی کا ہمیشہ سے خاصہ رہا ہے کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جن کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچے۔



















