Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، عید الضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہو گی

لاہور میں ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب ہو چکی ہے

ذوالحج 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوا، جس کی صدارت  مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے حکام سمیت مختلف علما اور ماہرین شریک تھے جن میں حافظ عبد القدوس، علامہ یاسین ظفر، پیر حبیب اللہ چشتی، عبدالمالک بروہی اور مفتی فضل جمیل رضوی شامل ہیں۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے  تاکہ چاند کی شہادتیں موصول کی جا سکیں۔

ماہرین فلکیات اور سپارکو کے مطابق آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً ساڑھے 18 گھنٹے تھی جس سے اس کے نظر آنے کے امکانات خاصے روشن تھے۔

لاہور میں ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب ہو چکی ہے۔ شہر میں چاند دیکھنے کا وقت 7 بج کر 56 منٹ سے شروع ہوا جبکہ حدِ رویت 8 بج کر 28 منٹ تک رہے گی۔

ادھر زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہور میں بھی ہوا جس کی صدارت ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن نے کی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج غروب آفتاب 6 بج کر 55 منٹ پر تھا جبکہ چاند 7 بج کر 55 منٹ پر غروب ہو ا، تاہم مطلع صاف ہونے کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ بتائے جا رہے تھے۔

اگر آج چاند نظر آ گیا تو ملک میں عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جس کے لیے عوام کی نظریں رویت ہلال کے فیصلے پر مرکوز ہیں۔

متعلقہ خبریں