Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار کی بھارت کے موضوع پر اہم نشست

دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے

میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے بھارت سے متعلق مختلف امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پورے خطے بالخصوص پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے پر لگا ہوا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، بھارت ایک ہندوتوا زدہ ناکام ریاست ہے تاہم اسے اپنے آپ کو بڑا دکھانے کی عادت ہوچکی ہے۔ بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے، اکھنڈ بھارت کا غیر حقیقی خواب اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوتوا نظریہ نے بھارت کے اسیکولر چہرے کو مسخ کردیا ہے، بھارت کی فوج بی جے پی کی متشدد اور مذہبی سیاست کی نذر ہوچکی ہے، تقسیم شدہ معاشرہ کی موجودگی میں بھارت کے شائنگ انڈیا ہونے کا نعرہ محض ایک ڈھکوسلہ ہے، بھارت کی ریاست درحقیقت ایک پولیس اسٹیٹ کا نام ہے جس میں آزادی رائے اور فرینڈم آف پریس ریاستی کنٹرول میں رکھا جاتا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس قتل عام کی شدت غزہ اور فلسطین سے بھی بڑھ کر ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ہندوستان میں پائی جانے والی تفریق اور اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم ہندوستان کی مزید تقسیم کا شاخسانہ بنیں گے، ہندوتوا کے پیروکار یہ سمجھتے ہی نہیں ہیں کہ مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو بھی جینے کا حق ہے، بھارت کے مسلمانوں کے لیے زندہ رہنے کی پہلی شرط ہندوتوا سوچ کے سامنے اپنی وفاداری کا ثبوت دینا ہے۔

نشست میں یہ بھی کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں محصور ہیں جہاں ہر 7 سے 8 فرد پر ایک فوجی اہلکار تعینات ہے، بھارت آزادی کی تحریکوں کو چھپانے کے لیے پاکستان کا نام لے کر مختلف فالس فلیگ کا ڈھونگ رچاتا ہے جس کا مقصد دنیا کی توجہ بھی ہٹانا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی جنونیت اور اجارہ داری ایک مضبوط، خوشحال اور معتدل پاکستان کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے، پاکستان کے استحکام اور ترقی کو ہندوتوا کے پیروکار اپنی موت سمجھتے ہیں اسی وجہ سے بھارتی میڈیا اور سیاست دونوں پاکستان اور پاکستان کی افواج  کے بارے میں بیانیہ بنانے میں الجھے رہتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرکردہ لیڈر شپ بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ریاست پاکستان اور اس کی عوام بھارت سے نہ کبھی مرعوب تھے اور نہ ہی کبھی ہوں گے۔

متعلقہ خبریں