فیصل آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور آئندہ بجٹ کی تیاری میں بھی کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے بڑے چیمبرز کا دورہ کر کے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل اور تجاویز کو براہ راست سنا گیا جبکہ حالیہ بجٹ میں بھی کاروباری برادری کی متعدد سفارشات کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے تاجروں اور چیمبرز پر زور دیا کہ وہ ٹیکس وصولیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ تعاون کریں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے تجاویز پر ابھی سے کام شروع کیا جائے گا اور حکومت اس سلسلے میں تمام متعلقہ شعبوں سے مشاورت کرے گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی کے باعث اس میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے فنانسنگ کے مواقع بھی مزید بڑھائے جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ کاروبار کرنا نجی شعبے کی ذمہ داری ہے، جبکہ سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



















